17

آریان خان کو اب تک اپنا پاسپورٹ واپس نہیں ملا؟

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے عدالت سے اپنا پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست کر دی۔

سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان، جنہیں کروز شِپ منشیات کیس میں این سی بی سے کلین چٹ مل گئی ہے، اُنہوں نے ایک خصوصی این ڈی پی ایس عدالت میں اپنا پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

عدالت نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست پر سماعت 13 جولائی کو مقرر کی ہے۔

آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گزشتہ برس اکتوبر میں ہائی پروفائل منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا لیکن تحقیقاتی ایجنسی نے رواں سال مئی میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں ان کا نام بطورِ ملزم نہیں لیا۔

این سی بی نے آریان خان اور پانچ دیگر افراد کو منشیات کیس میں کلین چٹ دے دی تھی جبکہ جس وقت آریان خان پر یہ کیس چل رہا تھا تو اُنہوں نے ضمانت کی شرائط کے مطابق اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرایا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔

تقریباََ 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ برس 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں