29

ایس ایس یو کے 31 کمانڈوز کورس مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ

نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر (این ایس او ٹی سی)کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 31 کمانڈوز نے اسپیشل سروسزگروپ (نیوی)کی جانب سے08 ہفتے کا انسداد دہشت گردی کورس مکمل کرلیا۔

سینٹر سے اب تک پاس آؤٹ ہونے والا یہ ایس ایس یو کا آٹھواں بیج ہے، اس کے علاوہ اب تک ایس ایس یو کے 179 کمانڈوز نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔

کمانڈوز کو دوران تربیت سیلف ڈیفنس، کلوزکوارٹرکمبٹ، ریپیلنگ، بیسک ایکسپلوسو اور جدید چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق اسپیشلائزڈ ٹریننگ دی گئی۔

مہمان خصوصی ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس یو سندھ پولیس کے کمانڈوز کو فراہم کی جانے والی تربیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی نے کمانڈنٹ نعمان اسلم اور دیگر افسران کی جانب سے ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید طرز کی تربیت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

کمانڈنٹ این ایس او ٹی سی نعمان اسلم نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورس مکمل کرنے کے بعد ایس ایس یو کمانڈوز اب دہشت گردی سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہیں اور دہشت گردوں کی جانب سے پیدا کردہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

بعد ازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد نے کمانڈنٹ این ایس او ٹی سی نعمان اسلم کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور کمانڈنٹ این ایس او ٹی سی نے بھی ڈی آئی جی سیکیورٹی اور کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان صدیقی کوسوینئر دیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں