193

ایڈمرل امجد نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ بن گئے،1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا

(ٹیوٹرپاکستان) اسلام آباد میں واقع نیول ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد نیازی نے ذمےداریاں سنبھال لیں، وہ پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔

پاکستان کے نئے امیر البحر وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو آج کمان سنبھالنے سے پہلے ایڈمرل کے عہدے پر فائز کیا گیا اور بیج لگائے گئے۔

کمان سنبھالنے کے بعد پاکستان نیوی کے نئے چیف آف اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا رینک فور اسٹار ہو گیا، انہوں نےکمان سنبھالنے کی تقریب سے پالیسی ساز خطاب بھی کیا۔

ایڈمرل محمدامجدخان نیازی نے 1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے کمیشننگ پر اعزازی شمشیر حاصل کی۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو ہلالِ امتیاز ملٹری اور ستارۂ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی مدتِ ملازمت پوری ہونے پر سبکدوش ہوگئے، اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

سبکدوش ہونے والے ظفر محمود عباسی نے اپنے الوداعی خطاب میں پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ میری ٹائم شعبے پر خصوصی توجہ دی، پاک بحریہ میں انسانی وسائل کی ترقی میرے وژن کا حصہ تھی۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ میں نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی، 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ رواں سال کے آخر میں ہوگی، گوادر میں بحری اڈہ قائم کیا جا رہا ہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اپنی ذمے داریاں سنبھالنے کےبعد صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف حسین علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ندیم رضا سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے اور انہیں بحری دفاع کے تقاضوں سے متعلق اپنی حکمتِ عملی پر اعتماد میں لیں گے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو نیا نیول چیف تعینات کیا ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کے مطابق محمد امجد خان نیازی کو وائس ایڈمرل سے ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی تلوار حاصل کی ہے اور بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤ کے دوران انہوں نے اس پاکستانی فلیٹ کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔

ایڈمرل محمد امجد نیازی کی زیرِ کمان پاکستانی فلیٹ نے بھارتی آبدوز کو بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں