197

بینک آف پنجاب کا2025 کی پہلی سہ ماہی میں آپریٹنگ منافع میں تاریخی 353%اضافہ

بینک آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا سال کی پہلی اختتام پذیر سہ ماہی(31 مارچ 2025)کے غیر آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے کے جائزے اور منظوری کے لیے اجلاس22 اپریل 2025 کو منعقد ہوا۔ بورڈ نے بینک کی شاندار کارکردگی کو سراہا، جس نے نہ صرف توقعات سے بڑھ کر نتائج دیے بلکہ تمام اہم کارکردگی کے شعبوں میں بے مثال مالی کامیابیاں حاصل کیں۔

مشکل معاشی حالات اور بینکاری کے شعبہ میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے باوجود، بینک آف پنجاب نے آپریٹنگ منافع میں حیران کن 353% اضافہ حاصل کیا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ایک غیر معمولی کارکردگی ہے۔ پروویژنز سے پہلے منافع197%کے شاندار اضافے کے ساتھ بڑھ کر 5.09 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو کہ پہلی سہ ماہی 2024 میں 1.72 ارب روپے تھا۔

بینک کا نیٹ انٹرسٹ مارجن (NIM) بھی 76% اضافے کے ساتھ 15.04 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو کہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 8.55 ارب روپے تھا۔ بینک کی آپریٹنگ لاگت کا ڈھانچہ صنعت کے معیار کے مطابق رہا۔ بینک کا ” ڈیپازٹ ریشو کی اوسط لاگت” 3.3% رہی جبکہ ”انکم ریشو کی لاگت” میں 2024 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 12% کمی واقع ہوئی۔

اس کے نتیجے میں، بینک کا قبل از ٹیکس منافع 14% اضافے کے ساتھ 4.01 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو کہ گزشتہ سال اسی مدت میں 3.51 ارب روپے تھا۔ مشکل ٹیکس نظام اور 53% کی شرح سے بڑھتے ہوئے ٹیکس ریٹ کے باوجود، بینک کی فی حصص آمدنی (EPS) 0.52 روپے سے بڑھ کر 0.55 روپے ہو گئی، جو کہ بینک کی آپریشنل صلاحیت اور منافع بخش کارکردگی کا ثبوت ہے۔

2024 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں بینک کے کل اثاثے 12% اضافے کے ساتھ 2,334 ارب روپے تک جا پہنچے، جبکہ ڈپازٹس میں 21% اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ 1,718 ارب روپے تک پہنچ گئے۔ کرنٹ ڈپازٹس میں بھی 22% کا نمایاں اضافہ ہوا، جو عوامی اعتماد اور بینک کی مسلسل ڈپازٹ مہم کی کامیابی کا مظہر ہے۔

بینک کی سرمایہ جاتی پوزیشن بھی غیر معمولی طور پر مضبوط رہی۔ ”ٹئیر-1 ایکویٹی” بڑھ کر 81 ارب روپے ہو گئی جبکہ ”کیپیٹل ایڈی کوئسی ریشو” (CAR) 16.93% کی صحت مند سطح پر قائم رہی۔

اپنی شاندار مالی کارکردگی کے ساتھ ساتھ، بینک قومی ترقی اور سماجی بہتری کے فروغ میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ بینک نے حکومتِ پنجاب کی متعدد اسکیموں کو کامیابی سے سنبھالا، جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار اسکیم، وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ، وزیر اعلیٰ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اور اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، پہلی سہ ماہی 2025 کے دوران، بینک نے اپنی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حکومتِ پنجاب کے ”نگہبان رمضان پروگرام” جیسے بڑے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو مؤثر انداز میں منظم کیا۔

بینک آف پنجاب واحد کمرشل بینک رہا جسے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ”پاکستان فنانشل لٹریسی ویک ایوارڈز 2025” میں ترجیحی شعبہ جات — زراعت اور ایس ایم ای — میں دو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

یہ شاندار کارکردگی بینک کی حکمتِ عملی، اعلیٰ انتظامی صلاحیت اور اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قدر پیدا کرنے کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ مسلسل جدت، توسیع اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر توجہ کے ساتھ، بینک آف پنجاب مستقبل میں بھی اپنی ترقی کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں