65

تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق وزرائے تعلیم کانفرنس آج ہوگی- وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

لاہور( این این آئی) کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران بند کئے گئے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ آج( پیر) کے روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے سرکاری و نجی پرائمری سکولز 25 جنوری 2021 سے کھول دیے جائیں۔

دوسرے کے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل اور سیکنڈری سکولز کھولے جائیں جبکہ تیسرے مرحلے میں ہائر سیکنڈری اور اس کے مساوی تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر کوویڈ کی صورتحال بدستور خراب رہی تو 19 جنوری کو دوبارہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بلاکر اس پر غور اور رد بدل کیا جاسکتا ہے۔

کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر میں سکولز اور بورڈز کی سطح پر امتحانات مئی کے آخری یا پھر جون کے اوائل سے شروع کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی۔ گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021 اگست سے شروع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں