33

تیسرا ون ڈے: پاکستان کا جنوبی افریقا کو 321 رنز کا ہدف

پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم نے پروٹیز کو 321 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ فخر زمان نے شاندار سنچری بنائی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میچ کا ٹاس میزبان ٹیم نے جیتا اور شاہینوں کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز امام الحق اور فخر زمان کریز پر آئے اور پہلی شراکت داری میں ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے تاہم 22 ویں اوور کی پہلی گیند پر امام الحق مہاراج کی بال پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 57 رنز بنائے۔

فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف 99 گیندوں پر ون ڈے کیرئیر کی چھٹی سنچری مکمل کی اور اگلے ہی لمحے 101 رنز پر مہاراج ہی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔

محمدرضوان جلد بازی میں 7 گیندوں پر 2 رنز بنا کر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔ ایک مرتبہ پھر مہاراج نے وکٹ حاصل کی۔ 15 ماہ بعد ون ڈے ٹیم میں واپس آنے والے سرفراز احمد کی اننگز 13 گیندوں پر 13 رنز پر محدود رہی، سمٹس نے اپنی ہی گیند پرکیچ تھاما۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 1، محمد نواز نے 4 سکور بنائے، مارکرم کے حصے میں دونوں وکٹیں آئیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 96 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ جبکہ حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 32رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان 63 سکورکی پارٹنر شپ بنی۔ گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 320 رنزبنائے۔ مہاراج نے تین جبکہ مارکرم نے دو شکار کیے۔

یاد رہے کہ شاہینوں اور پروٹیز کے مابین 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم 17 رنز سے فتح یاب ہوئی تھی۔

آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں۔ آصف علی ، دانش عزیز اور محمد حسنین کو ٹیم سے آؤٹ کر دیا گیا، انجری کے شکار شاداب خان کی جگہ عثمان قادر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ حسن علی، سرفراز احمد اور محمد نواز کو بھی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے، سرفراز احمد کی ون ڈے کرکٹ میں 15 ماہ بعد واپسی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے سکواڈز

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر، حارث رؤف

جنوبی افریقہ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: جے جے سمٹس، کیشوو مہاراج، ٹیمبا باووما، بیئورن ہینڈرکس، کلاسن، ڈیرن ڈوپاولن، اینڈیل فیلکووایو، کائیل ویرائن، ایڈن مارکرام، جانے من مالن، لوتھو سپاملا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں