30

جاز اوریو این ڈی پی نے ایس ڈی جی بوٹ کیمپس میں سوشل انٹرپرائززکی رجسٹریشن کا آغاز کردیا

اسلام آباد(ٹیوٹرپاکستان) ملک میں سماجی کاروبار کو فروغ دینے اور اسٹارٹ اپ ایکوسسٹم کو مستحکم کرنے کے لیے، یو این ڈی پی(UNDP) پاکستان اور جاز (Jazz)نے سوشل انٹرپرائزز(Social Enterprises) کے لئے ایس ڈی جی بوٹ کیمپ کا آغازکردیاہے۔ اس منصوبے کے تحت ملک بھرمیں 20بوٹ کیمپ منعقد کیے جائیں گے جن میں 50فیصد خواتین سمیت مجموعی طورپر 800 نوجوانوں کو اپنے سماجی کاروبار شروع کرنے کی تربیت دی جائے گی۔صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی ساتھ اپنی حالیہ ملاقات میں یو این ڈی پی پاکستان کے رہائشی نمائندے نٹ آسٹبی اور جازکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامرابراہم نے اس منصوبے کے اغراض ومقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔

پاکستان بھر میں سوشل انٹرپرائزز کے خواہش مند کاروباری افراد ران بوٹ کیمپس میں آن لائن ر جسٹریشن کی درخواست دے سکتے ہیں۔اس دوران ملکی ترقی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہونے والے آئیڈیاز پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ سب سے بہترین سماجی کاروباری منصوبے کا آئیڈیا پیش کرنے والوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے ابتدائی رقم بھی فراہم کی جائے گی۔

یو این ڈی پی وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی تیاری اور اس پرعمل درآمد کے لئے ایک اہم شراکت دار رہا ہے جس کا مقصد مختلف منصوبوں کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔اس منصوبے کے تحت تربیت یافتہ افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ کی سہولت حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان، عثمان ڈار نے اس حوالے سے کہا کہ،”یو این ڈی پی ابتدا سے ہی وزیراعظم پاکستان کے کامیاب جوان پروگرام کا ایک اہم تکنیکی شراکت دار رہاہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو این ڈی پی اور جاز کے مابین اس شراکت داری سے ملک کے کاروباری نظام کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی اور ایس ڈی جی بوٹ کیمپس کے تربیت یافتہ افراد وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت حاصل کیے گئے قرضوں سے اپنی کاروباری سوچ کو حقیقت کا رنگ دے سکیں گے۔“

اس اقدام کے بارے میں بات کرتے ہوئے، یو این ڈی پی کے رہائشی نمائندے نٹ آسٹبی (Resident Representative Knut Ostby)نے کہاکہ،”سوشل انٹرپرائزز ایسے بامقصد کاروبار ہیں جن کا بنیادی مقصد معاشرے کے حالات کو بہتر بنانا ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں کو ایسے کاروبار میں مدد فراہم کرنا ضروری ہے جو نہ صرف معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کریں بلکہ معاشرے کے لئے بھی فائدہ مند ہوں۔ یو این ڈی پی کا یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام، مختلف اقدامات کے ذریعہ کاروبار کے فروغ میں پاکستانی نوجوانوں کی معاونت کر رہاہے تاکہ انہیں معاشی طورپر مضبوط بنایا جاسکے۔ مجھے یقین ہے کہ جاز کے ساتھ یہ اقدام نوجوانوں کے کیریئر کا بہترین موڑ ثابت ہوگا۔“

جاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہاکہ،”سوشل انٹرپرائزز کے لیے ایس ڈی جی بوٹ کیمپ کا قیام معاشی ترقی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شرکت بڑھانے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں میں مدد گار ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ ٹیکنالوجی کی جانب نوجوانوں کو راغب کرنے، ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل،سماجی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اورکاروباری حضرات کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پردی گئی ہماری توجہ کے عین مطابق ہے۔

یو این ڈی پی، اپنے یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کوسماجی اور معاشی طورپر بااختیار بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ٹھوس اقدامات کی معاونت کررہا ہے۔ اس پروگرام کا ایک اہم جزو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں انٹرپینورشپ کی جانب راغب کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے، یو این ڈی پی اور جاز ملک کے اسٹارٹ اپ ایکوسسٹم مضبوط بنائیں گے اور نوجوانوں کو اپنے آئیڈیاز پر عمل درآمدکے لئے درکارڈیجیٹل دور کی مہارتوں سے لیس کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں