لاہور( میاں عصمت سے )جماعت اسلامی پاکستان کے نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے پہلے روز شوریٰ سے مشاورت کے بعد امیرالعظیم کو جماعت اسلامی کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر عطاالرحمن اور ڈاکٹر اسامہ رضی کو نائب امراء جماعت اسلامی پاکستان مقرر کر دیا ہے۔ جبکہ دیگر نائب امراء کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد مزید نائب امراء اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا تقرر بعد ازاں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا، حلف برداری کے موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے تھے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر ہیں، ارکان جماعت اسلامی نے انہیں 5 سال کے لیے جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا ہے۔
