47

حامد خان گروپ کے مقصود بٹر صدر،محسن عباس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار منتخب

لاہور(ٹیوٹرپاکستان) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حامد خان پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار مقصود بٹر نے 1751 ووٹوں کی برتری سے میدان مار لیا،ایم مقصود بٹر نے 5639 ووٹ جبکہ مدمقابل مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوارسردار اکبر علی ڈوگرصرف 3888 ووٹ لے سکے ۔ نائب صدر کی سیٹ پر مدثر عباس 4261 ووٹ لے کرجیتے جبکہ ان کے مخالف سہیل شفیق 4189 ووٹ لے سکے ۔خواجہ محسن عباس 5 5 5 5 ووٹ لیکر سیکرٹری منتخب ہوئے جبکہ انکے مقابلے میں اختر پڈاکو 3935ووٹ ملے ۔فنانس سیکرٹری کے عہدے پر فیصل توقیر سیال 4160 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ،مدمقابل رانا وسیم یوسف 4050 ووٹ حاصل کرسکے ۔ انتخابات میں 9583 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایااور بھنگڑے ڈالے ۔ نومنتخب صدر مقصود بٹر نے اعلان کیاآئین کی حکمرانی،قانون کی بالادستی اور وکلاء کی فلاح کیلئے کام کرینگے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی کی ہدایت پر انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے بھرپور اقدامات کئے گئے اور2ایس پیز،2ڈی ایس پیز،،4ایس ایچ اوز،24 اَپر سب آرڈینیٹس سمیت 200سے زائد افسران نے ڈیوٹی کی، خواتین وکلا ء کی چیکنگ کیلئے 22 لیڈیز پولیس اہلکار وں نے فرائض سرانجام دیئے ۔ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے انتخابات میں سردار عبدالرزاق خان صدر جبکہ شاہد علی شہزاد بھٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔نائب صدر کی سیٹ پر طارق محمود خان991،ایڈیشنل سیکرٹری کی سیٹ پر روحما قریشی 1421ووٹ لیکر کامیاب قرار پائیں،جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر راجہ ارشد رضوان جنجوعہ1211 ووٹ لے کر جیتے گئے ۔ ڈویژن بھر کے چار ہزارآٹھ سو 77وکلاء نے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ پولنگ صبح نو بجے سے شام چار بجے تک جاری رہی۔سینئر نائب صدر کیلئے شاہدہ تنویر چوہدری،فنانس سیکرٹری راجہ عبدالقیوم،لائبریری سیکریٹری محمد ریافت،آڈیٹر راجہ ہارون اصغر،ممبران یگزیکٹیو کمیٹی میں طاہرہ بانو مبارک، چوہدری محمد بلال،چوہدری کاشف اسلام،محمد سجاد نور راجہ،جمیل اصغر بٹ پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حامد خان اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ سید ریاض الحسن گیلانی 2661 ووٹ لیکرصدر بن گئے ،نائب صدر کی نشست پرشہزاد جعفری 1856 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ۔اسلام آبادہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں زاہد محمود راجہ 585 ووٹ لے کرصدر،تصدق حنیف 767 ووٹ لے کرجنرل سیکرٹری،فضل الہیٰ 649 ووٹ لے کرنائب صدر،اختر حسین 597 ووٹ لے کرجوائنٹ سیکرٹری،عرفان اللہ 609 ووٹ لے کرسیکرٹری خزانہ منتخب ہوگئے ۔ صدارت کے دونوں امیدوار زاہد محمود راجہ اور نوید حیات ملک اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس بلاک حملہ کیس میں گرفتار اور جوڈیشل پر اڈیالہ جیل ہیں۔
مقصود بٹر کی کامیابی کے خوشی میں ساتھی وکلاء نے بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ اس موقع پر آتش بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں