دی بینک آف پنجاب نے سال 2022 کے سال میں سب سے زیادہ برانچز کھولنے کاسنگ میل عبور کر لیا
سال 2022 میں 116 نئی برانچزکھول کر اپنی 780ویں برانچ کا سنگ میل عبور کرنے کاجشن منایا۔
صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے بی او پی کی جانب سے سنگ میل عبور کرنے پر ٹیم کی کاوشوں کو سراہا
لاہور( سدید رپورٹر) د ی بینک آف پنجاب نے سال 2022 میں 116 نئی برانچزکھول کر اپنی 780ویں برانچ کا سنگ میل عبور کرنے کاجشن منایا۔تقریب میں صدر اور سی ای او بی او پی ظفر مسعود اوربینک کے دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔ دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے بی او پی کی جانب سے ایک ہی سال میں سب سے زیادہ برانچز کھولنے کا سنگ میل عبور کرنے پر ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
انھوں نے کہا کہ2022 میں 116 برانچیں کھولنا بی او پی کی ایک شاندار کامیابی ہے جس کے ذریعے بینک نے انڈسٹری میں سبقت حاصل کر لی ہے۔انھوں نے کہا کہ سال 2025تک دی بینک آف پنجاب کا برانچ نیٹ ورک 1000 برانچوں تک وسیع کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اس توسیع کے ذریعے بینک کو پورے ملک میں صارفین تک مناسب طور پر رسائی حاصل ہو جائے گی۔انھوں نے اسلامی بینکاری کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے ٹیم کواسلامی برانچوں کی توسیع کا مشورہ دیا۔ ظفر مسعود نے کہا کہ حکومت کو اسلامی بینکاری کے اقدام کوسر انجام دینے میں مدد کے لئے بی او پی اپنے پبلک سیکٹر ڈپارٹمنٹ کو اسلامی بینکنگ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اس موقع پر ایک ہی سال میں سب سے زیادہ برانچز کھولنے اور برانچوں کے نیٹ ورک کو 780 تک وسیع کرنے کے ضمن میں کلیدی کردار ادا کرنے پر عہدیداروں کو سراہنے کیلئے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ دی بینک آف پنجاب اسلامی بینکاری پر توجہ مرکوز کر کے سال2023 میں مزید 110 برانچیں کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔یہ توسیع نہ صرف ملک کے بڑے حصوں میں بینک کی موجودگی میں اضافے کا موجب ہوگی بلکہ نجی شعبے کے کم لاگت ڈیپازٹس کو بڑھانے میں کردار ادا کرے گی۔
