58

سانحہ مچھ:شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا,مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے: آرمی چیف

سدرن کمانڈہیڈکوارٹرز میں مقتولین کے اہلخانہ ، ہزارہ برادری کے افراد سے ملاقات ،کچھ وقت ساتھ گزارا، حکام نے سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی ,بلوچستان پاکستان کا مستقبل، سٹریٹجک حیثیت کے باعث دشمنوں کو کھٹک رہا ، دہشت گردی کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ، جنرل قمر باجوہ کا افسروں سے خطاب

راولپنڈی ،لاہور(نیوز ڈیسک، دنیا نیوز )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیںگے ، مچھ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات دورہ کوئٹہ کے موقع پر ہزارہ برادری کے افراد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ آرمی چیف نے مچھ واقعہ کے متاثرہ خاندانوں اور ہزارہ برادری کے افراد سے سدرن کمانڈہیڈکوارٹرز میں خصوصی ملاقات کی اور کچھ وقت ان کیساتھ گزارا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو صوبے میں سکیورٹی چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ صورتحال کنٹرول میں رکھنے ، پاک افغان اور ایران بارڈرز پر سرحدی انتظامات سے متعلق بھی آ گاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے صوبے میں مشکل صورتحال کے باوجود امن واستحکام یقینی بنانے کی تعریف کی اور جوانوں کی تیاری کو بھی سراہا۔ اس موقع پر گیریژن افسران سے خطاب میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان اپنی سٹریٹجک جغرافیائی حیثیت کے باعث دشمنوں کو کھٹک رہا ہے ۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ، صوبے کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی ہے ، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کی دہشت گردی و تخریب کاری کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔کوئٹہ پہنچنے پر آرمی چیف کا کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں