50

سوئی سدرن کی گیس سوئی نادرن کو دیئے جانے کا انکشاف

ملک میں سردی آتے ہی گیس کا بحران پیدا ہوگیا، گیس چولہوں سے غائب ہو گئی، سی این جی ڈلوانے والے بھی پریشان ہوگئے۔

سندھ کو گیس فراہم کرنے والی سوئی سدرن گیس کمپنی کی 50 ملین مکعب فٹ گیس سوئی نادرن گیس کمپنی کو دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس صورتِ حال کے باعث شدید سردی میں بلند کھپت کے دوران سندھ میں گیس پریشرز مزید کم ہوگئے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 3 روز کے لیے گیس سوئی نادرن کو دی گئی ہے، صنعتوں کے کیپٹو بجلی گھروں کو گیس ناغہ یقینی بنایا جائے گا۔

قدرتی گیس فراہم کرنے والی سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی قلت کے باعث سندھ میں سی این جی اسٹیشنوں کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق آج اور پیرکو سی این جی بند رہے گی، صوبے میں صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی 50 فیصد تک کم کیئے جانے کا امکان ہے۔ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس کے پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین مہنگی ایل پی جی گیس استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

حکام کے مطابق پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنوں کو غیر معینہ مدت کے لیے گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی، گھروں کو گیس دینا اولین ترجیح ہے۔

پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے سی این جی اسٹیشنوں پر اگلے 4 روز کے لیے سی این جی کی سپلائی بند ہو گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں