31

سینیٹ انتخاب: فیصل واؤڈا کیخلاف اپیل مسترد

سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن 2021ء کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار فیصل واؤڈا کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے فیصل واؤڈا کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔

قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ فیصل واؤڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر کے سامنے اعتراضات دائر کیئے مگر انہوں نے سننے سے انکار کر دیا، ریٹرننگ افسر کا اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔

قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ فیصل واؤڈا حقائق چھپانے پر عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں، ان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیئے جائیں۔

انہوں نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے، انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔
الیکشن ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں کہا کہ فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔

الیکشن ٹربیونل کا فیصلے میں مزید کہنا ہے کہ اپیل کنندہ چاہیں تو آئینی دراخوست دائر کر سکتے ہیں، کاغذاتِ نامزدگی سے متعلق ہمارے اختیارات محدود ہیں۔

الیکشن ٹربیونل نے فیصل واؤڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دیتے ہوئے قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں