31

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی اورصوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی ملاقات

لاہور(ٹیوٹرپاکستان) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ کوگندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں اور اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور فرض بھی۔کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ اورمایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے اور اپوزیشن جان لے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہو سکتی۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اقدامات سے صوبے میں آٹے کی قیمت مستحکم ہوئی ہے۔ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے اور تسلسل کے ساتھ قیمتوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہو چکی ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ پروگرام۔ اس ٹولے کو انتشار کی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے۔
وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی ملاقات، محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی،سیاسی و اہم امور اور محکمے کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا-ملاقات میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی-میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا سے صحت یاب ہونے پر مبارکباددی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا-میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ کو اپنے محکمے کی کارکردگی اور پرائس کنٹرول کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پرائس کنٹرول کے لئے کئے گئے ا قدامات پر اطمینان کااظہارکیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر مزید موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے- عوام کا مفاد سب سے پہلے مقدم ہے – کسی کو شہریوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی – اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہاکہ قیمتوں کے ساتھ کوالٹی کی بھی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔ ریٹ لسٹ سے زائد اشیاء فروخت کرنے وا لوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے-

میاں اسلم اقبال نے کہاکہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں -آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو نکیل ڈالی ہے-صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے-پرائس کنٹرول کمیٹی اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے متحرک ہے-پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے-
وزیراعلیٰ کا ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول پنجاب اسجد غنی کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول پنجاب اسجد غنی کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں