کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ سے خاتون کی کئی روز پرانی لاش ملی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت حمیرا اصغر علی کے نام سے ہوئی ہے جو ماڈل اور اداکارہ تھیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کا آبائی تعلق لاہور سے بتایا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، آج بیلف آیا تودروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔
لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور جائے وقوع سے شواہد جمع کرنے کے بعد اسے سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر خاتون کی لاش کئی روز پرانی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی اسپتال لائی جانے والی لاش مسخ شدہ ہے۔ لاش سے نمونے اکٹھے کر لیے گئے ہیں، خاتون کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے بعد سامنے آئے گی۔
پڑوسی کا کہنا ہے کہ آج پولیس نے ان کے فلیٹ کا دروازہ توڑ کر لاش برآمد کی، حمیرا اصغر کا بلڈنگ کے دیگر افراد سے زیادہ ملنا جلنا نہیں تھا، ان کے پاس کوئی گاڑی بھی نہیں تھی۔