لاہور ( پ ر ) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی و جنرل سیکرٹری اورہردلعزیزسماجی شخصیت ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ معبود برحق کے محبوب محمد مصطفی کی ولادت کی خوشیاں منانااوربارگاہ رسالت میں محبت و عقیدت کے ساتھ درودوسلام کے نذرانے پیش کرنا بھی سعادت ہے۔ محسن انسانیت کے ساتھ نسبت اور بے پایاں محبت کے بغیر ہمارے ایمان کی تکمیل نہیں ہوگی ۔خاتم النبین کی آن وشان اورعقیدہ ختم نبوت کی قیامت تک پہریداری کیلئے ہماری اورہمارے ماں باپ سمیت بیوی بچوں کی جان بھی قربان ہے۔ سراپا رحمت سرورکونین حضرت محمدصلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم محشر میں جام کوثر سے ہماری ضیافت اوراللہ ربّ العزت کی پاک بارگاہ میں ہماری شفاعت فرمائیں گے ۔اللہ ربّ العزت نے بھی اپنے محبوب کی ولادت کاجشن مناتے ہوئے ا ن دنوں جوخواتین امید سے تھیں انہیں فرزندعطاءفرمائے تھے ۔وہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے ہیڈآفس میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی خوشی میں محفل نعت کے شرکاءسے خطاب کررہے تھے ۔قاری محمدسلیمان نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی جبکہ ثناءخوان مصطفی نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ٹرسٹی محمدسہیل اورجنرل منیجر ناصر عباس سمیت سینئر سٹاف ممبرز بھی محفل میں شریک تھے ۔ ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ تاجدار انبیاءحضرت محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی اُمت سے ہمارا تعلق ہوناہم سب کیلئے عفت ورفعت کی ضمانت ہے ۔اللہ تعالیٰ کے محبوب حضرت محمد نے انسانیت کیلئے جو راہ ہدایت متعین فرمائی تھی اس پراستقامت کامظاہرہ کرنے میں عافیت کے کئی راز پنہاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی کامل اتباع و اطاعت اورسیرت کی پیروی سے ہماری نجات یقینی ہے ۔
