44

محسن پاکستان،عظیم ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 86 سال کی عمرمیں اس دنیا فانی سے کوچ کر گئے

اسلام آباد: (ٹیوٹرپاکستان میڈیا) پاکستان کے محسن ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے، ان کی عمر 86 برس تھی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال صبح 7 بج کر 4 منٹ پر ہوا، ان کی کچھ عرصے سے طبیعت ناساز تھی۔
بتایا گیا ہے کہ گذشتہ شب پھیپھڑوں کے عارضے کے سبب ان کی طبعیت خراب ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، آئی سی یو میں ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پہلے پاکستانی تھے جنہیں تین بار صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا، ملکی دفاع کیلئے ان کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر ہر دل افسردہ ہے، انہوں نے عملی طور پر پاکستان کو دفاعی طاقت بنایا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں