وزیر خزانہ پنجاب، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور ڈویژن کے منتخب اراکینِ اسمبلی کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد عوامی نمائندگان سے ان کے حلقوں اور مجموعی طور پر ڈویژن کے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا اور ان مسائل کے حل کے لیے مشاورت کرنا تھا۔
اجلاس میں ایم پی ایز نے اپنے حلقوں کے عوام کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی، جن میں ترقیاتی منصوبے، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے امور شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے ان مسائل کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے ان کے فوری حل کے لیے حکومتی اقدامات کا یقین دلایا۔
اس موقع پر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اور ان کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام متعلقہ محکموں کو مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت عوامی نمائندگان کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کی خدمت کے مشن کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گا اور عوام کو حکومت کی پالیسیوں سے مستفید کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
