رپورٹ- (شفقت رمضان )
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا بڑا ستون ہے جبکہ عوام اور پولیس کے درمیان پُل کی حیثیت رکھتا ہے۔ معاشرے میں ذہن سازی اور آگاہی کے حوالہ سے اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ میڈیا اور پولیس کا ایک گہرا رشتہ ہے کیونکہ دونوں کا ہی کام نقائص اور جرائم کی نشاندہی اور ان کا خاتمہ ہے اس لئے پولیس اور میڈیا کے درمیان ورکنگ ریلشن شب بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام تک پولیس کی بروقت اور درست معلومات پہنچ سکے۔ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر جنگ لڑرہی ہے اور لازوال قربانیوں کے بعد بھی حوصلے بلند ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز وہاڑی میں جرنلسٹ سے تعارفی میٹنگ کے دوران کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی محمد عیسیٰ خان کے زیر صدار ت پولیس لائنز وہاڑی میں ضلع بھر کے جرنلسٹ سے تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی محمد عیسیٰ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے اوراس دور میں میڈیا کی اہمیت پچھلے دور سے کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ کے بعدمملکت کا چوتھا ستون ہے –
اس لئے میڈیا کی اہمیت کو کسی صورت میں بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پولیس اور میڈیا کے درمیان ورکنگ ریلشن شب بہتر بنانے کے لئے پی آر او برانچ قائم کی گئی ہے تاکہ میڈیا کو درست اور بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ خبر نشر کرنا آپکا حق ہے لیکن پولیس سے متعلق خبر نشر کرنے سے پہلے سرکاری طور پر اس کاموقف ضرور لیں تا کہ آپ اپنے ادارے کو ایک مستند خبر دے سکیں۔ تمام پولیس ملازما ن کو باور کروا دیا گیا ہے کہ کرپشن،،تشدد اور غیر قانونی حراست بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔تھانہ میں بند ملزمان کی صحت کا خیال رکھا جائے اور انہیں یہ بھی بتا دیا گیا ہے کہ اگر آپ حق پر ہیں
تو مجھے آپ اپنے ساتھ پائیں گے۔ لیکن اگر آ پ معصوم عوام کیساتھ زیادتی کریں گے تو آپ کے لیے کوئی رعایت نہ ہوگی۔لہذا آپ معاشرے میں ہونے والے ناانصافیوں کو ثبوت کے ساتھ ہمارے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ تھانہ جات سے کرپشن اور ٹاوٹ مافیہ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ پولیس کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہ ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے خصوصی آپریشنز کاسلسلہ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق ضلع وہاڑی میں کرائم بر خلاف پراپرٹی میں ایس ایچ او موقع پر پہنچ کر درخواست حاصل کرتا ہے اور ایف آئی درج کرنے کے بعد اسے دہلیز پر فراہم کی جاتی ہے۔ مقدمات کو درج کرنے کے لئے ٹائم لمٹ مقرر کی گئی ہے۔ منشیات کے بڑے ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ بہاولنگر تعیناتی کے دوران بہترین پولیسنگ کی بدولت ڈکیتی میں 77فیصد، رابری کی کالز میں 71 فیصد، نقب زنی میں 83 فیصد اور وہیکلز چوری میں 73 فیصد واضع کمی واقع ہوئی۔ لہذا ہم سب کو جرائم کے خاتمہ کے لیے اپنے حصے کی شمع روشن کر نی ہو گی۔ میڈیا کے لئے ہمارے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔آخر میں جرنلسٹ کے سوالوں کے جواب بھی دیئے گئے، تجاویز نوٹ کی گئیں اور خوشگوار موڈ میں ریفریشمنٹ بھی کی گئی