9

نئی افغان کابینہ نے کام شروع کردیا، پاکستانی سفیر منصور احمد خان

افغانستان میں طالبان کی حکومت اور کابینہ کے اعلان کے بعد کی صورتحال پر پاکستانی سفیر منصور احمد خان کا تبصرہ و تجزیہ سامنے آگیا ہے۔

افغانستان میں پاکستان کےسفیر منصور احمد نے کہا کہ افغان کابینہ کے ارکان نے کام شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی افغان حکومت کو درپیش سب بڑا چیلنج اقتصادی گورننس اور بینکوں کے کام کی بحالی ہے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ اشیائے ضرورت کی قلت بھی افغانستان کا بڑا چیلنج ہے، پاکستان کے 3 جہاز غذائی اجناس اور ادویات لےکر افغانستان پہنچے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ قندھار کے بعد آج خوست میں پاکستان کا امدادی سامان آیا ہے۔

منصور احمد نے یہ بھی کہا کہ قطر اور ترکی کابل ایئرپورٹ بحال کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں پاکستان سے افغانستان کے لیے کمرشل فلائٹس شروع کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس کی افغانستان کے ساتھ باقاعدہ فلائٹس ہوتی ہیں اور ہوں گی۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر کوشش ہے کہ افغانستان میں مستحکم حکومت اور نظام آئے۔

اُن کاکہنا تھاکہ افغانستان میں مستحکم حکومت ہوگی تو یہاں دہشت گرد تنظیموں کو پنپنے کا موقع نہیں ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں