38

وفاق و صوبے میں دوریاں ختم کرنے کی کوشش کرونگا: گورنرKPK حاجی غلام علی

خیبر پختون خوا کے نو منتخب گورنر حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبے کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔
پشاور میں گورنر خیبر پختون خوا حاجی غلام علی نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی ماحول گرم ہے، اپنی سوچ و بچار سے سیاسی پارے کو نیچے لاؤں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سے صوبے کے حقوق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا، ہمیں قانون سازی اور اصلاحات پر توجہ دینا ہو گی۔
گورنر خیبر پختون خوا حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان الیکشن کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ الیکشن دسمبر، جنوری یا فروری میں نہیں ہو سکتے، البتہ مئی یا جون 2023ء میں ممکن ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حاجی غلام علی کو بطور گورنر خیبر پختون خوا تعینات کر دیا ہے۔
صدرِ مملکت نے یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر کی ہے۔
حاجی غلام علی کا تعلق جمعیت علمائے اسلام ف سے ہے، وہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے سمدھی بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں