14

پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے

پاکستان میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا جس کے بعد ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔

لاہور میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ وہ فالٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادھر پاکستان کے سب بڑے شہر کراچی میں بھی آدھی رات کو اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ ، ایم اے جناح روڈ، لیاقت آباد، تین ہٹی، ایف بی ایریا، سرجانی ٹاؤن، بفرزون، ماڈل کالونی، کلفٹن، ملیر، شاہ فیصل کالونی، فیڈرل بی ایریا بلاک پانچ اور چھ میں بھی بجلی غائب ہوگئی۔

اسی طرح شہر قائد کے علاقے ملیر ہالٹ، رفاع عام سوسائٹی، الفلاح اور اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ کورنگی، گلشن اقبال بلاک 10A، گلستان جوہر میں بھی بجلی اچانک معطل ہوگئی۔

اس بڑے بریک ڈاؤن کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ادھر کیسکو حکام نے بتایا کہ گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 30 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں