36

کراچی، مسافروں کی کمی کے سبب 8 ٹرینیں منسوخ

پاکستان کے محکمہ ریلوے کی جانب سے کراچی سے اندرون ملک کے لیے 8 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی ہے جبکہ کئی ٹرینوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق منسوخ ٹرینوں کے لیے بکنگ کرانے والے مسافروں کی دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے جبکہ گزشتہ روز بھی 4 ٹرینیں معطل کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی لہر کی وجہ سے مسافروں کی کم تعداد ٹرینوں پر سفر کر رہی ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی روانگی منسوخ کرکے ان کے مسافروں کو دوسری ٹرینوں پر بھجوایا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق آج شام کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی 31 اپ اور 32 ڈاؤن جناح ایکسپریس کو بیک وقت معطل کردیا گیا ہے اور اس کے مسافروں کو قراقرم ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

15 اپ 16 ڈاؤن کراچی ایکسپریس اور 33 اپ 34 ڈاؤن پاک بزنس ایکسپریس کو بھی بیک وقت معطل کردیا گیا ہے جبکہ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی 5 اپ 6 ڈاؤن گرین لائن ایکسپریس کو بھی بیک وقت معطل کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ان ٹرینوں کی معطلی صرف آج ایک دن کے لیے ہے، ان 4 گاڑیوں میں کنفرم ٹکٹ رکھنے والوں کو دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق آج سر سید ایکسپریس رات 10 بجے کراچی کینٹ سے روانہ ہوگی اور براستہ فیصل آباد لاہور اسلام آباد جائے گی جس میں گرین لائن ایکسپریس کے مسافروں کو ایڈجسٹ کیا گیا ہے۔

قراقرم ایکسپریس آج شام 4 بجے کراچی سے روانہ ہوگی جو کہ جناح ایکسپریس اور بزنس ایکسپریس کے مسافروں کو لے کر جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں