37

کراچی: پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ گرفتار، تھانے میں بند کردیا گیا

پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرکے تھانے میں بند کر دیا ہے جبکہ اسلحہ تحویل میں لے کر ان کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے اعلیٰ افسران سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ پر سابقہ دو مقدمات میں گرفتاری ڈالی جا رہی ہے جبکہ آج امن خراب کرنے اور ہنگامہ آرائی کے مزید مقدمات درج ہونگے۔ حلیم عادل شیخ پہلے سے پولیس کی حراست میں تھے، اب گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانہ میمن گوٹھ اور گڈاپ میں حلیم عادل شیخ کے خلاف 2 مقدمات درج ہیں۔ مقدمات 6 فروری کو تجاوزات آپریشن کے دوران ہنگامی آرائی پر درج کیے گئے تھے۔

اس سے قبل حلیم عادل شیخ کو ایس ایس پی ملیر کے آفس منتقل کیا گیا تو تحریک انصاف کے کارکنوں نے وہاں دھاوا بول دیا اور زبر دستی گیٹ کھلوا کر اندر داخل ہو گئے۔ پولیس نے کارکنوں کو دوبارہ باہر دھکیل دیا۔

ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے حلیم عادل کو تھانے منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انھیں گڈاپ سٹی تھانے منتقل کیا جائے گا۔ تھانے منتقلی کے لئے بکتر بند گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں