12

کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر ر ہے، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے عالمی برداری سے بھر پور تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن ناصرف پورے خطے بلکہ دنیا کیلئے بھی فائدہ مند ہوگا۔ پاکستان افغانستان سمیت کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر رہا، مگر امن کے خلاف بھارت کی سازشیں پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سمیت دیگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ بدقسمتی سے آج بھی بھارت کو امن برداشت نہیں ہو رہا۔ کشمیر میں بھارت بے گناہ اور معصوم کشمیر یوں کیساتھ جو ظلم کر رہا ہے، اس کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی، وقت آ چکا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرواتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرے کیونکہ خطے میں امن کے مکمل قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا بہت ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان سمیت پوری پارٹی، اتحادی جماعتوں اور اراکین پنجاب اسمبلی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور پنجاب میں صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں جو اقدامات موجودہ حکومت کے دورمیں ہوئے ہیں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ بھی پنجاب کے عوام کو دیا جارہا ہے، سندھ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھر پورتوجہ دے کیونکہ اس وقت سندھ کے جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔

انتخابی اصلاحات کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے دن سے اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کی دعوت دے رہی ہے، مگر بدقسمتی سے اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے مسودے کو دیکھے بغیر ہی مذاکرات سے انکار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو بھی اپوزیشن جماعتوں نے نہیں دیکھا اور اس کے خلاف بھی تنقید کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن کو یہ غیر جمہوری رویہ اختیار کرنے کی بجائے انتخابی اصلاحات پر حکومت سے بات کرنی چاہیے۔ شفاف انتخابات صرف انتخابی اصلاحات سے ہی ممکن ہو سکتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں چودھری سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی تمام تر توجہ ملک میں معاشی استحکام اور ترقی پر مرکوز ہے۔ ہم نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا اور آج پوری دنیا پاکستان کی معاشی ترقی کو تسلیم کر رہی ہے۔ اب بھی ہماری حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے حکومت وسائل استعمال کر رہی ہے اور انشا اللہ عوام سے کیے جانیوالے وعدوں پر مکمل عمل کیا جائے گا اور ملک کو غر بت مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے بھی مکمل نجات دلائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں ترقی اور استحکام لانا حکومت کی اولین تر جیح ہے، انشا اللہ ہماری حکومت ملک کو کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے ناصرف نجات دلائے گی بلکہ پاکستان کو مضبوط بنائے گی اور آئندہ عام انتخابات بھی عوام کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے حق میں آئیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں