78

یکم مارچ سے تمام سکول معمول کے مطابق کھلیں گے،15 مارچ سے مزارات، سینما ہالز اور شادی ہالز میں ان ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ-وزیر تعلیم شفقت محمود

حکومت نے یکم مارچ سے کلاسز ریگولر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ یکم مارچ سے تمام سکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‏ملک میں تمام سکول یکم مارچ سے 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس چلے جائیں گے، فیصلہ ہر تعلیمی ادارے پر لاگو ہوگا، اللہ کی رحمت سے حالات معمول پر آ رہےہیں۔ کلاسز کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کر کے پڑھانے کی پابندی کا اطلاق 28 فروری سے ختم ہو رہا ہے۔


یاد رہے گزشتہ روز این سی او سی نے کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کے بعد تجارتی مراکز اور پارکوں میں اوقات کار کی پابندی ختم کی جبکہ 15 مارچ سے مزارات، سینما ہالز اور شادی ہالز میں ان ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا۔

اس کے علاوہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں پی ایس ایل میچز میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پلے آف میچز میں ایس او پیز کے تحت تمام شائقین کو آنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ دفاتر میں 50 فیصد سٹاف کے گھر سے کام کی شرط بھی ختم کر دی گئی، اب تمام ملازمین کو دفتر میں حاضری یقینی بنانا ہو گی تاہم ماسک پہننے اور سماجی فاصلوں کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔

ہوٹلز پر انڈور کھانوں کی بھی 15مارچ سے اجازت ہوگی تاہم اس حوالے سے 10 مارچ کو دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ این سی اوسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام معاملات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد نئے فیصلے کیے گئے ہیں تاہم بیماری کے پھیلاؤ یا کسی ایمرجنسی کی صورت میں ان فیصلوں پر نظر ثانی بھی کی جاسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں