50

آئرلینڈ میں پاکستان ویمن ٹیم کو چیلنج کا سامنا ہوگا: سونیا میکگوئینس

پاکستان میں مقیم آئر لینڈ کی سفیر سونیا میکگوئینس کا کہنا ہے کہ آئر لینڈ کی کوئی بھی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے ۔ اب ہم چاہیں گے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آئر لینڈ آئے لیکن وہاں پاکستان ٹیم کو چیلنج کا سامنا ہوگا۔
‏سونیا میکگوئینس نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی مرتبہ لاہور میں آئی ہوں ، میں یہاں آکر بہت پرجوش ہوں ، یہ ویمن کرکٹ ٹیم پہلی آئرش ٹیم ہے جس نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ہماری بہت اچھے انداز میں میزبانی کی گئی ہے جس پر ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔
ایک تو سہولیات شاندار ہیں اور اس کے ساتھ ہمارے لیے جو گرمجوشی دکھائی گئی ہے ، وہ غیر معمولی ہے۔
‏ آئرش سفیر نے کہا کہ اب ہم پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آئرلینڈ میں میزبانی کرنا چاہیں گے لیکن وہاں پر میچز بڑے مختلف ہوں گے کیونکہ سب جانتے ہیں کہ وہاں بہت بارشیں ہوتی ہیں، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو وہاں کے چیلنج کا ابھی سے سوچنا پڑے گا۔
آئرش سفیر سونیا میکگوئینس نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کا آغاز ہے، یہ غیر معمولی بات ہے کہ گیم کو پاکستانی کمیونٹی بہت اسپورٹ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور سپورٹرز کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں ، یہاں نوجوان گیم کے لیے بہت آگے آ رہے ہیں اس کی وجہ لیڈر شپ کا ہونا ہے ، جو ٹیم اسپرٹ اور قوت اہمیت رکھتی ہے وہ سب پاکستان ٹیم میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں