53

انگلش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی آج 17 سال بعد لاہور آمد

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں اگلے ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے آج لاہور پہنچیں گی، دونوں ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے لاہور پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
انگلش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم آج 17 سال بعد لاہور دوبارہ پہنچے گی، اس حوالے سے سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 17سال بعد لاہور آمد پر خوش آمدید کہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ لاہور کے دوران انگلینڈ و قومی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، تین ٹی ٹونٹی میچز کے دوران 08 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹیموں کی ائیر پورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم نقل و حرکت کے دوران سیکورٹی و ٹریفک انتظامات مکمل رکھے جائیں گے جب کہ ٹیموں کے روٹ،رہائش گاہ اور اسٹیڈیم کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ سینئر پولیس افسران روٹ اور کھلاڑیوں کی رہائش گاہ اور اطراف میں سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں گے۔
سربراہ لاہور پولیس نے ہدایت جاری کیں کہ تعینات پولیس افسران و اہلکار انتہائی الرٹ رہیں، مشکوک افراد سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، سی ٹی او لاہور ٹریفک بہاؤ کاجائزہ لیں،شہریوں کے لئے ٹریفک ایڈوائزری پر عملدرامد یقینی بنائیں۔
سی سی پی او نے مزید ہدایات جاری کیں کہ پولیس افسران ضلعی انتظامیہ، دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اورڈولفن، پی آریو، ایلیٹ و دیگر ٹیمیں روٹ اور نجی ہوٹل کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے پیش نظر شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں