131

دلچسپ مقابلہ: پاکستان نے جنوبی افریقا کو پچھاڑ دیا

پاکستان نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقا کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔

سنچورین میں پاکستان اور گرین شرٹس کے درمیان پہلا میچ ہی دلچسپ رہا، جو آخری گیند تک کھیلا گیا۔

گرین شرٹس نے جنوبی افریقا کا 274 رنز کا ہدف 7 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

میچ کی خاص بات پاکستانی کپتان بابراعظم کی میزبان ٹیم کے خلاف پہلی سنچری رہی، انہوں نے پہلی وکٹ جلدی گرجانے کے بعد اوپنر امام الحق کے ساتھ بڑی ذمے دارانہ باری کھیلی۔

دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 177 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، بابر اعظم 104 گیندوں پر 103 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز 17 چوکوں سے مزین تھی۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر امام الحق نے 70، محمد رضوان نے 40 اور شاداب خان نے 33 رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور میچ کی فتح کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

آج کے میچ میں دونوں ہی ٹیموں کی جانب سے ایک ایک سنچری اور ایک ایک نصف سنچری دیکھنے میں آئی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوور میں 6 وکٹ پر 273 رنز بنائے اور پاکستان کے لیے 274 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

جنوبی افریقا کے ڈرڈیوسن نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہوں نے بیٹنگ کے دوران 2 چھکے اور 10 چوکے لگائے جبکہ دوسرے نمایاں بیٹسمین ڈیوڈ ملر تھے ،جنہوں نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

گرین شرٹس کے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف اورمحمد حسنین1،1 وکٹ اپنے نام کی جبکہ شاداب خان اوردانش عزیز جو آج اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے وہ بغیر کسی کامیابی کے میدان سے لوٹ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں