61

ق لیگ اور پی ٹی آئی میں بکاؤ مال ختم ہو گیا: پرویز الہٰی

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ق لیگ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں بکاؤ مال ختم ہو گیا۔

پولیس لائنز لاہور میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پولیس اسپتالوں کو بہترین اسپتال بناؤں گا، جہاں مفت ادویات ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ وردی نہیں آپ نے پولیس کو ڈاکیا بنا دیا ہے، وردی پولیس کی وہ ہونی چاہیے جس سے چور اور ڈاکوؤں کو خوف آئے۔

صحافی نے سوال کیا کہ ق لیگ میں کسی ایک کو بھی وزیر نہیں بنایا گیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے مجھے وزیرِ اعلیٰ بنا دیا، یہ کافی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے پولیس کے شہداء کے لیے کچھ نہیں کیا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز صرف ٹوپی ڈرامہ کرتے رہے، پنجاب میں پنچایت والا نظام دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پولیس کے شہداء کے الاؤنس کو ڈبل نہیں کیا بلکہ چار گنا کر دیا ہے، 18 سال پہلے رسک الاؤنس کا اعلان کیا تھا، پولیس کا ڈیلی فکس الاؤنس بحال کر رہا ہوں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ اشرف مارتھ میرے گھر کا شہید تھا، مجھے پتہ ہے کہ شہداء کی فیملی پر کیا گزرتی ہے، شہباز شریف نے شہداء کی فیملی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہدائے پولیس کے بچوں کی مفت تعلیم ترجیح ہوگی، ان کے بچے کسی بڑے اسکول سے مفت تعلیم لے سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں