151

مارکیٹس، کاروباری مراکز ہفتے کے مختلف ایام میں بند کرنے کا فیصلہ

ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف کاروباری مراکز، مارکیٹس ہفتے کے مختلف دنوں میں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو جی 9، جی 13، ستارہ مارکیٹ، جی 15، جی 10، فرنیچر مارکیٹ بند رہیں گی۔ گولڑہ روڈ، بہارہ کہو، ڈی ایچ اے، پی ڈبلیو ڈی، پاکستان ٹاؤن، جی 11، آپیارہ مارکیٹ، آئی ٹین میں بھی تمام مارکیٹس جمعے اور ہفتے کو بند رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جمعرات اور جمعے کو صفا مال، سینٹورس مال، گیگا مال، ایما زون مال بند رہیں گے۔ جب کہ ہفتے اور اتوار کو بلیو ایریا، ایف 10، میلوڈی مارکیٹ، ای 11، ایف 8، آئی 8، ایف 11، ایف 6 اور ایف 7 کی مارکیٹس بند رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 98 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 530 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 72 ہزار 931 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 974 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 23 ہزار 181، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 680، خیبر پختونخوا میں 88 ہزار 99، بلوچستان میں 19 ہزار 576، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 33، اسلام آباد میں 58 ہزار 557 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 805 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 24 لاکھ 7 ہزار 374 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 55 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 5 ہزار 274 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 303 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 98 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 530 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 427، سندھ میں 4 ہزار 502، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 363، اسلام آباد میں 572، بلوچستان میں 208، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 355 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں