339

ملک بھر میں 67 روز بعد پرائمری، مڈل سکول اور یونیورسٹیاں کھل گئیں

ملک بھر میں 67 روز بعد پرائمری، مڈل سکولز اور یونیورسٹیاں کھل گئیں۔ حکومتی ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں میں دوسرے مرحلے کے تحت باقی کلاسز کا آغاز ہوگیا۔

پرائمری اور مڈل سکولز کھل گئے۔ یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ 67 روز بعد سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جبکہ کالجز اور جامعات میں تھرڈ ائیر سے پی ایچ ڈی تک کلاسز کی پڑھائی ہوگی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کے مطابق طلبہ کو متبادل دنوں میں بلایا جائے گا۔ سکولوں اور کالجز میں سمارٹ نصاب کے مطابق تعلیمی دی جائے گی جبکہ کچھ جامعات میں آن لائن اور بعض میں طلبہ کے امتحانات آن کیمپس ہونگے۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے پر 26 نومبر 2020 کو تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔ صورتحال قدرے بہتر ہونے پر پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں تک کلاسز شروع کرنے کی اجازت ملی تھی۔

دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے بدلتے حالات کے پیش نظر نئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اداروں کے 50 فیصد ملازمین گھر سے (ورک فرام ہوم) کریں گے۔

فوڈ پوائنٹس، ریسٹورانٹ کو رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کر دی گئی۔ تمام کھانے پینے کے پوائنٹس رات 10 بجے کے بعد بھی کھلے رکھے جا سکتے ہیں۔ ریسٹورانٹ، ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکتے ہیں۔

تمام پارکس، تفریحی مقامات شام 6 بجے بندکر دیئے جائیں گے۔ شادی بیاہ و دیگر تقریبات کے انتظامات بھی صرف کھلی جگہوں پر کیے جا سکیں گے۔ جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں اور فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں