144

مناسب احتیاط، حفاظتی و تدارکی اقدامات سے ڈینگی پر قابو پایا جا سکتاہے- ڈاکٹرحافظ محمد فاضل

مناسب احتیاط، حفاظتی و تدارکی اقدامات سے ڈینگی پر قابو پایا جا سکتاہے- ڈاکٹرحافظ محمد فاضل
مچھر کے کاٹنے سے بچا کے لیے پورے آستین والے کپڑے پہنیں-ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر
وہاڑی (شفقت رمضان+شاہد رفیق) : ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسروہاڑی ڈاکٹرحافظ محمد فاضل نے کہا کہ مناسب احتیاط، حفاظتی و تدارکی اقدامات سے ڈینگی پر قابو پایا جا سکتاہے ۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچائو کے لیے شہری اپنے گھروں میں فالتو پانی کھڑا نہ ہونے دیں ،مچھر کے کاٹنے سے بچا کے لیے پورے آستین والے کپڑے پہنیں ، دروازوں پر جالی لگائیں اور رات کو سوتے وقت مچھر بھگا لوشن لگا کر سوئیں ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ ڈاکٹرحافظ محمد فاضل نے کہا کہ عام طور پر لوگوں کی توجہ صرف گندے پانی کی جانب جاتی ہے لیکن صاف پانی بھی اس مرض کو پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے۔مچھر دانیوں اور سپرے کا استعمال لازمی کرنا چاہیے کیونکہ ایک مرتبہ یہ مرض ہوجائے تو اس وائرس کو جسم سے ختم ہونے میں دو سے تین ہفتوں تک کا وقت لگ سکتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ بارش کے بعد اگر گھروں کے آس پاس یا لان، صحن وغیرہ میں پانی جمع ہو تو اسے فوراً نکال کر وہاں سپرے کرنے سے ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے۔ ڈاکٹرحافظ محمد فاضل کا کہنا تھا کہ ’صفائی کو قائم رکھ کر اگر مچھروں کی افزائش کا ماحول ہی ختم کر دیا جائے تو اس مرض کا خاتمہ ممکن ہے اور ترقی یافتہ ممالک نے اسی طرح اس مرض پر قابو پایا ہے۔‘یہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی، حفاظتی، تدارکی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی سے بچا ممکن ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں