47

ہم اس لیے ترقی نہ کر سکے کہ نالائق زیادہ ہیں: احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم اس لیے 75 سال میں پیچھے رہ گئے کہ کرپٹ زیادہ ہیں، اس لیے ترقی نہ کر سکے کہ نالائق زیادہ ہیں۔
لاہور کی نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ ہے سیاسی عدم استحکام، ہمارے ہاں پالیسیوں کا تسلسل نہیں رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک ہم سے آگے نکل گئے، بنگلا دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اس کی مثال ہیں، قوم اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اختلافِ رائے ضرور رکھیں لیکن نفرت نہ پالیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اختلافِ رائے کو ہم نے نفرت میں بدل دیا ہے، معاشرے کو پولرائزڈ کر دیا ہے، جبکہ اسے استحکام کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کو ڈی پولرائزڈ کرنا ہو گا، یہاں استحکام، برداشت، صبر اور ترقی کا سبق پروان چڑھانا ہو گا۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ سوچنا ہو گا کہ نفرت سے معاشرے نہیں چل سکتے، ہمیں اشد ضرورت ہے کہ ایک دوسرے پر تنقید میں احترام سامنے رکھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ معاشی ماہرین، تاجروں، صنعت کاروں سے اپیل ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی طرف آئیں، ڈالر آئیں گے تو ملک چلے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس نوجوان نسل کو اچھا مستقبل دینے کی طرف جانا ہو گا، ایک وقت تھا جب پاکستان اوپر جا رہا تھا، لیکن پھر بار بار اس راستے کو روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقی کو راستے میں روکا جبکہ بنگلا دیش اور بھارت نے ایسا نہیں کیا، اب بھی وقت ہے کہ سیاستدان مل بیٹھ کر دانش مندی سے پارلیمنٹ میں فیصلے کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اب وہ حالات بدل گئے ہیں اور ہمیں دوسرے ملکوں سے قرضے مانگنے پڑ رہے ہیں، پاکستان ڈیفالٹ کرنے لگا تھا لیکن ہم نے اسے سنبھال لیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شہر تیزی کے ساتھ پھیل رہے ہیں، سعودی عرب بہت بڑا شہر نیوم سٹی آباد کر رہا ہے، دنیا کے بڑے بڑے پراجیکٹس میں ہم کیوں نہیں جا سکتے؟
وفاقی وزیر احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے پاس بہترین آرکیٹیکٹس ہیں، نوجوان نسل میں صلاحیت موجود ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں