69

نیب قانون میں ترامیم، پی ٹی آئی کا آج یومِ سیاہ منانےکا اعلان

نیب قانون میں ترامیم پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پارٹی رہنماؤں کی جانب سے کالی پٹیاں باندھی گئیں۔

اجلاس کے دوران عمران خان نے نیب قانون میں ترامیم کی بھر پور مزاحمت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نظامِ احتساب کی تباہی کی کوشش بھر پور انداز میں اجاگر کریں۔

عمران خان نے فواد چوہدری اور دیگر کو نیب قانون میں ترامیم کی سازش اور اس کے اہداف سے قوم کو آگاہ کرنے اور جماعت کے ترجمانوں کو بھی معاملے کو سیاسی مباحثے کا حصہ بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ چوروں کو این آر او دوم دے کر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا، روزِ اوّل سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او دلوانا ہے، انہوں نے نیب قانون بدل کر قوم کے لوٹے گئے1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑے چوروں کو لوٹ مارکی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے، 26 سال بڑے چوروں کو قانون کے تابع کرنے، احتساب کا نظام مضبوط بنانے کے لیے جدوجہد کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی ان کی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں، اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کر دی ہیں۔

عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدارمیں آ کر لوٹ مارکرنا اور ادارے تباہ کر کے اس لوٹ مار کو بچانا کلچر بنا دیا گیا ہے، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہرسطح پر مزاحمت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں