14

8 اکتوبر کا زلزلہ، آزاد کشمیر میں دعائیہ تقریبات

آزاد کشمیر میں 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے کو آج 16 سال مکمل ہو گئے، اس موقع پرمختلف شہروں میں دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

زلزلے میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

آزاد کشمیر بھر میں 8 بج کر 52 منٹ پر 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

مظفر آباد میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں وزیرِ اعظم سردار عبدالقیوم اپنی کابینہ سمیت شریک ہوئے جنہوں نے شہدائے زلزلہ کی یاد گار پر پھول نچھاور کیئے۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب میں کہا کہ 8 اکتوبر کے زلزلے میں امداد اور تعاون پر پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔

وزیرِ اعظم سردار عبدالقیوم نے یہ بھی کہا کہ ہم دنیا بھر سے مدد کو پہنچنے والی تنظیموں اور ممالک کے شکر گزار ہیں۔

میر پور میں زلزلے کے شہداء کے لیے دعائیں، تقریبات اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

دھیر کوٹ، بھمبر، باغ، کوٹلی اور راولہ کوٹ میں بھی دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں اور زلزلے میں جاں بحق افراد کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2005ء کو آنے والے زلزلے کے باعث بڑی تعداد میں جانی اور مالی نقصان ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں