82

سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ میں مجوزہ ڈپلومیٹک انکلیو پر بریفنگ سیشن کا انعقاد، 20 سے زائد ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز کی شرکت

پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جو کہ سی بی ڈی پنجاب کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، نے سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ میں مجوزہ ڈپلومیٹک انکلیو کے منصوبے کے حوالے سے 20 سے زائد ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز کے لیے ایک خصوصی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا۔

یہ تاریخی اقدام لاہور کو بین الاقوامی سفارت کاری اور عالمی روابط کا نیا مرکز بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس بریفنگ سیشن کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی پنجاب، عمران امین نے کی، جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر، بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں 20 سے زائد ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز نے شرکت کی، جن میں تیونس، ازبکستان، کینیا، کرغزستان، قازقستان، کوسوو، رومانیہ، جنوبی افریقہ، چیک ریپبلک، پرتگال، ماریشس، جاپان، اٹلی، نیدرلینڈز، مراکش، میکسیکو، روس، نکاراگوا، اردن اور ہنگری کے نمائندگان شامل تھے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے سی بی ڈی پنجاب کے وژن اور منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ منصوبہ دو سال قبل وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ کی باقاعدہ منظوری سے شروع کیا گیا، جو بین الاقوامی تعاون اور سفارتی برتری کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ 118 ایکڑ پر محیط یہ منصوبہ بابِ پاکستان کے قریب، لاہور کے قلب میں واقع ہے، جو اپنی بہترین رسائی اور نمایاں محلِ وقوع کے باعث سفارتی سرگرمیوں کے لیے ایک مثالی مقام فراہم کرے گا۔ اس منصوبے نے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی دلچسپی حاصل کی ہے بلکہ امریکا، ترکیہ اور چین سمیت متعدد ممالک نے اس عظیم ترقیاتی منصوبے میں اپنی شمولیت کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ اینڈ انویسٹر ریلیشنز، علی وقار شاہ نے اس موقع پر منصوبے کے اسٹریٹجک فوائد، عالمی معیار کے انفراسٹرکچر، اور سفارتی مشنز کے لیے محفوظ، پائیدار اور جدید ماحول میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس منصوبے کو بین الاقوامی سفارتی سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب، عمران امین نے کہا “سی بی ڈی پنجاب نے ہمیشہ اپنے ہر وعدے کو پورا کر کے اعتماد، شفافیت اور کارکردگی کی مثال قائم کی ہے۔ ڈپلومیٹک انکلیو محض ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کے عالمی برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کی علامت ہے۔ حکومتِ پنجاب کی سرپرستی میں قائم یہ محفوظ، پائیدار اور عالمی معیار کا منصوبہ دنیا بھر کے سفارتی مشنز کے لیے اعتماد اور شراکت کا مظہر ہوگا، جو لاہور کے بین الاقوامی تشخص میں نمایاں اضافہ کرے گا۔”

چیف آپریٹنگ آفیسر، بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا” یہ منصوبہ اسلام آباد کے بعد پاکستان کا دوسرا ڈپلومیٹک انکلیو ہوگا، جو ملک کے سفارتی ڈھانچے میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔ اس منصوبے میں اعلیٰ سطح کی حکومتی منظوریوں اور لاہور کے اسٹریٹیجک محلِ وقوع کے باعث ہم ایک ایسا عالمی معیار کا ماحول تشکیل دے رہے ہیں جو سفارتی سرگرمیوں کے لیے جدید اور محفوظ ہو۔ یہ منصوبہ نہ صرف ہماری پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ لاہور کو بین الاقوامی سفارت کاری اور روابط کے نئے مرکز کے طور پر ابھارنے کے ہمارے وژن کی واضح تصویر پیش کرتا ہے۔”

ڈپلومیٹک انکلیو کا آغاز سی بی ڈی پنجاب کے اس وژن کو مزید مستحکم کرتا ہے جس کے تحت لاہور کو عالمی سرمایہ کاری اور سفارت کاری کے مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، تاکہ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر شناخت اور تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
٭٭٭
Caption:
سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین کی زیرِ صدارت سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ میں مجوزہ ڈپلومیٹک انکلیو پر بریفنگ سیشن میں 20 سے زائد ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز شریک ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں