70

وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور اسپیکر پرویز الہٰی کے اثاثے سامنے آگئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سمیت پنجاب اسمبلی کے اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

حمزہ شہباز اور ان کی بیویوں کے اثاثے
الیکشن کمیشن کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ 43 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، انہوں نے 13 کروڑ 64 لاکھ روپے کے 11 رہائشی گھر ظاہر کیے ہیں۔

حمزہ شہباز کی 3 زرعی زمینوں کی مالیت 3 کروڑ 97 لاکھ روپے ہے، انہوں نے خود کو 9 کروڑ 71 لاکھ روپے کا مقروض بھی ظاہر کیا ہے۔

حمزہ شہباز کی پہلی اہلیہ 50 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، جبکہ ان کی دوسری اہلیہ 3 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

پرویز الہٰی اور اہلیہ کے اثاثے

الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی 23 کروڑ 14 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک نکلے ہیں۔

پرویز الہٰی نے 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی غیر زرعی زمین ظاہر کی ہے، انہوں نے فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ 10 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر کتنے اثاثوں کے مالک ہیں؟
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری 2 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کے اثاثے
الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان 1 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

سبطین خان نے زرعی اراضی کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

اویس لغاری کے اثاثے
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

عثمان بزدار اور علیم خان کے اثاثے
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

علیم خان 1 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

مراد راس اور محمود الرشید کے اثاثوں کی مالیت
الیکشن کمیشن کے مطابق سابق صوبائی وزیر مراد راس 38 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

پی ٹی آئی کے رکنِ پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید 18 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

حنا پرویز بٹ اور ثانیہ عاشق کے اثاثے

الیکشن کمیشن کے مطابق رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے 9 کروڑ 94 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

انہیں 2 گھر تحفے میں ملے ہیں، تاہم انہوں نے تحفے میں ملنے والے گھروں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

رکنِ پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے 35 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

عظمیٰ بخاری، یاسمین راشد کے اثاثے
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق عظمیٰ بخاری 24 لاکھ روپے مالیت کی اثاثوں کی مالک ہیں۔

سابق وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں