آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق وزارت اعظمیٰ سے فارغ فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سب سے کم عمر وزیر اعظم بن گئے-
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نےتحریک عدم اعتماد کی قرارداد کو 2 کے مقابلے میں 36 کی اکثریت سے منظور کرتے ہوئے چوہدری انوار الحق کو وزارت اعظمیٰ سے فارغ اور راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو آزاد جموں و کشمیر کا 16ویں وزیراعظم منتخب کرلیا،47 سالہ فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سب سے کم عمر وزیر اعظم بن گئے،
سابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے چھ ماہ قبل ہی وزارت عظمیٰ سے جانے کی منصوبہ بندی کر لی تھی ،مجھے 15فروری تک قانون ساز اسمبلی کو تحلیل کرنے کا آپشن بھی دیا گیا تھا ،لیکن جس ایوان نے مجھے عزت دی، مجھے اس کا تقدس عزیز ہے۔میں تمام ممبران اسمبلی کا شکرگزار ہوں نئے قائد ایوان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
آ ج حلف اٹھانےکی تقریب متوقع ہے، نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پہلے مرحلے میں پارٹی پالیسی کے مطابق 15رکنی کابینہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نئی کابینہ میں 10 کے قریب پیپلز پارٹی اور 5 دیگر گروپوں سے وزیر لئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عامر یاسین‘ بازل نقوی‘جاوید ایوب‘جاوید اقبال‘قاسم مجید‘ضیاء قمر‘فہیم ربانی‘بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے فرزندیاسر سلطان سمیت فارورڈ بلاک سے وزیر لیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں کابینہ میں مزید اضافہ کیا جائے گا،فیصل ممتاز راٹھورکے آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم منتخب ہونے پرجیالوں نے جشن منایا۔پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی طرف سے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف 14نومبر کو تحریک عدمِ اعتماد جمع کروائی گئی تھی۔گزشتہ ایک ماہ سے جاری رسہ کشی کاڈراپ سین ،2022میں منتخب ہونے والی اسمبلی میں چوتھے وزیراعظم فیصل ممتاز کو نیا قائد ایوان منتخب کرلیا گیا ۔سپیکر اسمبلی کی جانب سےرائے شماری کے لئے بلائے گئے اجلاس میں پیر تین بجے سیشن کا آغاز کیا گیاگیا۔پیپلز پارٹی کی طرف سے چوہدری قاسم مجید نے قراداد جمع کروائی-
170