138

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کی ملاقات

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی، جس میں خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تحفظات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں وفاق کے ذمے واجبات کی ادائیگی اور تیرا کی تازہ صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ، وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، خیبر پختون خوا کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم شریک تھے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے، صحت وتعلیم کے لیے خیبر پختون خوا کے عوام کے لیے اقدامات کیے جائیں، وفاقی حکومت خیبر پختون خوا کے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی، وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختون خوا میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، مشاورت، اشتراک کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں