34

سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کا سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

لاہور: 16 فروری 2026ء۔ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے آئی ٹی سٹی، سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے منصوبے کے مختلف ترقیاتی پہلوؤں کا معائنہ کیا اور جاری کاموں میں معیار کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ خصوصی طور پر پبلک ریلم کی فنشنگ کے لیے استعمال ہونے والے میٹریل کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے ٹائلز، گرینائٹ، پلانٹرز، اسٹریٹ لائٹس اور واک ویز کی لائٹس کے نمونوں کا بغور جائزہ لیا تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق اعلیٰ ترین کوالٹی کے مواد کے استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال، ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر حیات، پراجیکٹ مینیجر این ایس آئی ٹی سٹی یاسر سیف اللہ، سی بی ڈی پنجاب کے دیگر سینئر افسران، نیسپاک اور پراجیکٹ کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔

ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عالمی معیار کا انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اعلیٰ معیار کے میٹریل کا استعمال، مقررہ ٹائم لائنز کی سختی سے پابندی اور کام کی رفتار میں تیزی کو یقینی بنایا جائے، تاہم معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ “سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی پاکستان کی آئی ٹی پر مبنی معیشت کا مستقبل ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عالمی معیار کے انفراسٹرکچر، جدید عوامی مقامات اور اسمارٹ سہولیات پر مشتمل ایک جدید شہری ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہیں۔”

سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی تیزی سے ایک انقلابی منصوبے کے طور پر ابھر رہا ہے جو پنجاب کو ٹیکنالوجی، جدت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک نمایاں مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں