پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، عالمی معیار کے شہری انفراسٹرکچر کی فراہمی کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب، عمران امین نے لاہور ڈاؤن ٹاؤن اور این ایس آئی ٹی سٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے مختلف منصوبہ جات پر کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا جن میں سی بی ڈی ورٹیکس، سی بی ڈی واک، دی سیکنڈ واک، اور سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی شامل تھے۔ ان کے ہمراہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر و پلاننگ سمیر آفتاب سیال، ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، نیسپاک اور کنٹریکٹرز کے سینئر افسران موجود تھے۔
سی بی ڈی ورٹیکس پر اسکیفولڈنگ کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے اور اب اندرونی و بیرونی فنشنگ کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ سی بی ڈی واک منصوبے میں بیسمنٹ کی کھدائی اور فاؤنڈیشن پر کنکریٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پہلے سلیب پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جہاں انہیں انفراسٹرکچر ورک اور سیلیسٹیا آئی ٹی اینڈ آفس ٹاور کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ سڑکوں پر اسفالٹ بچھانے کا کام جاری ہے جبکہ ٹاور کی بارہویں منزل کی ٹاپ سلیب تکمیل کے قریب ہے۔
اس موقع پر سی ای او۔ سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا:”سی بی ڈی پنجاب کے تمام ترقیاتی منصوبے تیزی اور اعلیٰ معیار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ایسا پائیدار اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے جو پنجاب کی معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جائے۔”
یہ اسٹریٹجک منصوبے سی بی ڈی پنجاب کے وسیع تر وژن کا حصہ ہیں، جو جدت، شفافیت اور پائیداری کے ذریعے شہری ترقی کی نئی تعریف قائم کر رہا ہے، اور صوبے کی ترقی میں ایک مؤثر قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔