160

فاطمہ میموریل ہسپتال میں، اردو زبان اور ثقافتی شناخت کے موضوع پر نشست خصوصی

: فاطمہ میموریل ہسپتال میں نور اسٹوڈنٹ لیڈرشپ پروگرام کے تحت ’’شناخت اسپیکر سیریز‘‘ کی ایک اہم فکری نشست جنرل عتیق الرحمٰن آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس کا مرکزی موضوع اردو، ثقافت اور پاکستانی شناخت کے بدلتے بیانیے کے گرد گھومتا رہا۔ اس نشست میں پاکستان کے معروف ادیب، ڈرامہ نگار اور نقاد پروفیسر ڈاکٹر اصغر ندیم سید نے بطور خصوصی مقرر شرکت کی اور زبان، ادب اور سماجی شناخت کے ارتقاء پر انتہائی بصیرت افروز گفتگو کی۔

نظامت کے فرائض ماہا رحمان (شریک بانی، نور فاؤنڈیشن) اور پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمٰن (ہیڈ آف یورالوجی و اینڈرولوجی، فاطمہ میموریل کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری) نے مشترکہ طور پر انجام دیے جبکہ نشست میں محترمہ شاہیمہ رحمان (چیئرپرسن، نور فاطمہ میموریل سسٹم و بانی، نور انٹرنیشنل یونیورسٹی) اور پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری (وائس چانسلر، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے اس حقیقت پر روشنی ڈالی کہ زبان محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیبی ورثے، فکری روایت اور قومی شناخت کی اساس ہوتی ہے۔ نشست کے اختتام پر ’’قراردادِ شناخت‘‘ منظور کی گئی جس میں اردو زبان کے فروغ، تعلیمی نصاب میں اس کی مضبوطی اور قومی شناخت سے اس کے تعلق کو مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا گیا۔

شرکاء نے گفتگو کو نہایت سراہا اور اسے اردو زبان اور ہماری ثقافتی جڑوں سے تعلق مضبوط کرنے کی اہم کاوش قرار دیا۔ یہ نشست نوجوانوں کو اپنی لسانی اور تہذیبی شناخت کے بارے میں شعور فراہم کرنے کا ایک کامیاب اور بامقصد قدم ثابت ہوئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں