65

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سینئر مشیر سینیٹر انوشہ رحمان کا سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ نواز شریف آئی ٹی سٹی کا دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سینئر مشیر سینیٹر انوشہ رحمان نے پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے نواز شریف آئی ٹی سٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پنجاب کے اس فلیگ شپ ٹیکنالوجی پراجیکٹ کی کوالٹی اور جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق منصوبے کی تکمیل کو تیز رفتار بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاشی ترقی اور جدت پسندی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے تمام جدید ٹیکنالوجیز بروئے کار لائی جائیں۔

دورے کے دوران سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین، سی او او بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) منصور جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بشمول ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر مارکیٹنگ وسیم صدیق، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ علی وقار شاہ اور ڈائریکٹر مینجمنٹ اینڈ پلاننگ آصف اقبال بھی موجود تھے۔

سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے بریفنگ دیتے ہوئے منصوبے کے دائرہ کار، منصوبہ بندی کے فلسفے اور عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ این ایس آئی ٹی سٹی پنجاب کو آئی ٹی، جدت اور سرمایہ کاری کے علاقائی مرکز کے طور پر منوانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے ہنر مند نوجوانوں اور اسٹارٹ اپس کے لیے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

سینیٹر انوشہ رحمان نے تعمیراتی کاموں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور انفراسٹرکچر کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ ریگولیٹری حکام کے ساتھ قریبی رابطے کی ہدایت کی تاکہ پہلے مرحلے کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے، صنعت اور جامعات کے درمیان روابط قائم کرنے اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق جامع انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
سینئر مشیر نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں متعدد آئی ٹی شہر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نیاے آئی کے اس دور میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بین الاقوامی اور قومی سطح پر فعال اشتراکِ عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں