:پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جسے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے ڈیٹا فیسٹ 2025 میں شاندار شرکت کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کی، جہاں اس کا فلیگ شپ منصوبہ سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی دو روزہ ایونٹ کے دوران توجہ کا مرکز بنا رہا۔
سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد پنجاب کو ایک ڈیجیٹل طور پر بااختیار، جدید اور ترقی یافتہ معیشت کا مرکز بنانا ہے۔ اُن کی قیادت میں حکومتِ پنجاب آئی ٹی کے فروغ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے صوبے کو ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔
یہ ایونٹ پاکستان بیورو آف اسٹیٹِسٹکس (پی بی ایس) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں، آئی ٹی سے وابستہ کمپنیوں، سرکاری عہدیداران، طلبہ اور ٹیکنالوجی ماہرین نے شرکت کی۔ اس فورم کا مقصد ڈیٹا پر مبنی اختراعات،اے آئی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وسیع امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
سی بی ڈی پنجاب کے این ایس آئی ٹی سٹی اسٹال نے ڈیٹا فیسٹ 2025 کے کارپوریٹ پویلین میں شرکاء کی شاندار توجہ حاصل کی۔ مقامی اور غیر ملکی وفود نے بڑی دلچسپی کے ساتھ اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں اور این ایس آئی ٹی سٹی میں کاروبار، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے مواقعوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ، عثمان ندیم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ اینڈ انویسٹر ریلیشنز، فیضان داؤد نے اسٹال پر آنے والے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ کس طرح سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی پنجاب میں ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے مستقبل کی سمت متعین کر رہا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر فنانس سی بی ڈی پنجاب، علی نذیر ملک نے ڈیٹا فیسٹ 2025 کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا”سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کا عملی مظہر ہے، جس کے تحت پنجاب میں عالمی معیار کا آئی ٹی ایکو سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے جو جدت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرے گا۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کی قیادت میں سی بی ڈی پنجاب اس وژن کو حقیقت میں بدل رہا ہے اور ایک پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد رکھ رہا ہے جو نوجوان انٹرپرینیورز اور ٹیکنالوجی رہنماؤں کو ترقی کی راہ دکھائے گا۔”
ڈیٹا فیسٹ 2025 کے موقع پرشرکاء نے سی بی ڈی پنجاب کے ترقی پسند وژن کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی پاکستان میں جدت، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
٭٭٭