54

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سندس فاونڈیشن لاہور کا دورہ ۔ زیر علاج مریض بچوں کی عیادت اورتحائف تقسیم کیے۔

گورنر خیبرپختونخواہ کی سندس فاؤنڈیشن آمد پر پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ ،بانی و صدر سندس فاونڈیشن محمد یاسین خان صاحب ،ڈائریکٹر خالد عباس ڈار اور فاونڈیش کی انتظامیہ نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فاؤنڈیشن میں زیرِ علاج بچوں سے ملاقات کی، بچوں میں تحائف پیش کیے اور اُن کا حوصلہ بڑھایا ، اُنہوں نے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن ڈاکٹر عدنان گیلانی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو فاؤنڈیشن کی طبی خدمات، جدید علاج کے طریقہ کار، جدید آلات اور مؤثر بلڈ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن ملک بھر میں قائم بارہ سنٹرز کے میں ہر ماہ ہزاروں مریضوں کو مفت خون اور علاج فراہم کرتی ہے اور صحت کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن جینیاتی اسکریننگ اور تحقیق پر مبنی نئے پروگرامز پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ موروثی خون کی بیماریوں کی جلد تشخیص اور ان کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ سندس فاؤنڈیشن کے پاس 12ہزار سے زائد تھیلیسیا اور ہیموفیلیا کے مریض رجسٹرڈ ہیں جنہیں باقائدگی سے علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کی فلاحی و طبی خدمات نہایت قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس خلوص، محبت اور پیشہ ورانہ انداز سے یہاں کا عملہ مریضوں کی خدمت کر رہا ہے اسے دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن میں علاج کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، جہاں جدید علاج کا طریقۂ کار، موثر بلڈ مینجمنٹ سسٹم اور معیاری طبی خدمات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں اور ایسے ادارے معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں اور صحت کے شعبے میں ایک مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت خیبرپختونخواہ ہمیشہ ایسے فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے جو انسانیت کی خدمت اور معاشرتی بہتری کے لیے سرگرمِ عمل ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ مزید مستحق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ نے گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ نے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا سندس فاؤنڈیشن آمد اور فلاحی خدمات کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنر کی توجہ اور تعاون سے فلاحی مشن کو مزید تقویت ملے گی۔ بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان نے بھی گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ اور حوصلہ افزائی سندس فاؤنڈیشن کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے تعاون سے مستحق مریضوں کو مزید بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔
دورے کے اختتام پر سندس فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کی جانب سے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو انکی فلاحی خدمات کے اعتراف کے طور پریادگاری شیلڈ پیش کی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں