فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں صبح سویرے کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا جس سے عمارت گر گئی، حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
دھماکے سے قریب واقع متعدد گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں، جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔
کمشنر راجا جہانگیر انور کے مطابق ملک پور میں چار فیکڑیاں ایک ساتھ منسلک ہوکر کام کر رہی تھیں، زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہاشیوں کا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کر رہی ہیں، پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہیں۔
ریسکیو کے مطابق فیکٹری سے ملحقہ 7 سے 8 مکانوں کے کچھ کمرے بھی گرگئے ہیں، فیکٹری کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔