صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جسٹس امین الدین خان کی بطور چیف جسٹس آئینی عدالت تقرری کی منظوری دیدی ہے ۔ وزارت قانون و انصاف نے جسٹس امین الدین خان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ ادھر سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج، جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ 27ویں آئینی ترمیم پراپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں ، جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے استعفے میں کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم ائین پاکستان پر ایک سنگین حملہ کے مترادف ہے، جس نے سپریم کورٹ کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے موقف اختیار کیا کہ میں نے جس آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا تھا،اس ترمیم کے بعد وہی باقی نہیں رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے جسٹس امین الدین خان کی بطور چیف جسٹس آئینی عدالت تقرری کی منظوری دے دی۔ جسٹس امین الدین خان وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس ہوں گے۔ صدر مملکت نے جسٹس امین الدین خان کی تقرری کی منظوری وزیر اعظم کی ایڈوائس پر دی۔
120