پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM) نے پاکستان کے سب سے بڑے اور جامع آٹو موٹیو ایونٹ، پاکستان آٹو شو (PAPS) 2026 کے 21ویں ایڈیشن کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ نمائش 18، 19 اور 20 ستمبر 2026 (جمعہ، ہفتہ، اتوار) کو انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگی۔
پاپام کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا پاکستان آٹو شو ملک کی سب سے بڑی اور بااثر آٹو موٹیو و آٹو پارٹس نمائش کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، جو موبیلٹی اور آٹو موٹیو ویلیو چین کے مکمل نظام کی نمائندگی کرتا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران، پاکستان آٹو شو میں نمائش کنندگان کی سب سے زیادہ تعداد اور عوام کی سب سے بڑی شرکت ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے اسے پاکستان کی آٹو موٹیو انڈسٹری کا فلیگ شپ پلیٹ فارم بنا دیا ہے۔
اس ایڈیشن کا تھیم“انڈسٹریل پاکستان”رکھا گیا ہے، جو ملک میں صنعتی ترقی، لوکلائزیشن، مینوفیکچرنگ ایکسیلنس اور تکنیکی جدت پر بڑھتی ہوئی توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔ نمائش میں مقامی اور بین الاقوامی آٹو پارٹس مینوفیکچررز کی بھرپور شرکت متوقع ہے، جو جدید ٹیکنالوجیز، انجینئرنگ سلوشنز اور مستقبل کی موبیلٹی سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پیش کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، PAPS 2026 کی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سلمان سلیم نے کہا”پاکستان آٹو شو 2026 پاکستان کے آٹو موٹیو شعبے میں کاروباری توسیع اور جدت کو فروغ دینے کے لیے ایک کلیدی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نمائش میں اوریجنل ایکوئپمنٹ مینوفیکچررز (OEMs)، آٹو پارٹس مینوفیکچررز اور متعلقہ صنعتوں کی وسیع شرکت ہوگی، جہاں کاروباری اشتراک، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پائیدار صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان کا آٹو موٹیو شعبہ مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے، جس کی بنیاد اوریجنل ایکوئپمنٹ مینوفیکچررز (OEMs) کی بڑھتی ہوئی مینوفیکچرنگ صلاحیت ہے، جو کاریں، زرعی ٹریکٹرز، موٹر سائیکلیں، ٹرک اور بسیں تیار کر رہے ہیں۔ یہ صنعت جدید پروپلشن ٹیکنالوجیز کو بھی تیزی سے اپنا رہی ہے، جن میں انٹرنل کمبسشن انجن (ICE)، الیکٹرک وہیکلز (EVs)، ہائیڈروجن ٹیکنالوجی اور متبادل قدرتی ایندھن شامل ہیں۔
پاکستان آٹو شو 2026 ان تمام ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مینوفیکچررز، ٹیکنالوجی پارٹنرز اور سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
21واں پاکستان آٹو شو 2026 صنعت کے باہمی روابط کو مضبوط بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کو ایک مستقبل کے لیے تیار اور مسابقتی آٹو موٹیو مینوفیکچرنگ حب کے طور پر اجاگر کرنے کا عزم رکھتا ہے