97

بھاٹی چوک واقعہ پر میں ذاتی طور پر بہت شرمندہ اور معافی کی طلبگار ہوں-عظمیٰ بخاری

بھاٹی چوک واقعہ پر میں ذاتی طور پر بہت شرمندہ اور معافی کی طلبگار ہوں،انتظامیہ جو بتا رہی تھی، وہ مجھے شیئر کرنا پڑا: عظمیٰ بخاری
اپنی غلطی تسلیم کرنے اور معافی مانگنے میں میں کبھی عار محسوس نہیں کرتی: عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے لاہور کے علاقے بھاٹی چوک، داتا دربار کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی 24 سالہ خاتون اور ان کی 10 ماہ کی بیٹی کے اہلِ خانہ سے حکومتِ پنجاب دلی معذرت خواہ ہے۔ انہوں نے دونوں مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا سانحہ ہے جو ہرگز پیش نہیں آنا چاہیے تھا۔عظمٰی بخاری نے تسلیم کیا کہ ابتدائی طور پر متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کی بنیاد پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس سے ابہام پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کوتاہی تسلیم کرنے اور معافی مانگنے میں وہ کبھی عار محسوس نہیں کرتیں، اور اگر ان کے استعفے سے متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکتا ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اس واقعے میں ان کی ذاتی غلطی یا براہِ راست ذمہ داری نہیں بنتی، کیونکہ جو معلومات دیگر اداروں کو موصول ہو رہی تھیں وہی انہیں بھی فراہم کی جا رہی تھیں۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کی، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے خاتون کی آخری لوکیشن کا جائزہ لیا اور حقائق سامنے لانے کے لیے متعلقہ حکام سے سخت سوالات کیے۔وزیر اعلیٰ نے تحقیقاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور تحقیقاتی کمیٹی کو مزید 48 گھنٹے کی مہلت دی ہے تاکہ تمام ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض اداروں نے واقعے کو ناممکن قرار دے کر کنفیوژن پیدا کی، جبکہ متاثرہ خاندان کے ساتھ نامناسب رویے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مین ہولز کو محفوظ بنانے اور حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہیں۔ اس کے باوجود اگر کہیں کوتاہی ثابت ہوئی تو کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تعمیراتی مقامات کی مؤثر نگرانی متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے اور اس میں غفلت ناقابلِ قبول ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتِ پنجاب جلد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی خواہاں ہے تاکہ عوامی نمائندوں کی شمولیت سے شہری نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سانحہ داتا دربار کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں